ایم او یو چھوٹے کاروباروں کو مالیاتی اور ترقیاتی سہولیات کی فراہمی کا سنگِ میل ہوگا، ہارون اختر خان

11

‎لاہور،  18 اکتوبر ( اے پی پی) چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور موبی لنک مائیکروفنانس بینک (ایم ایم بی ایل) کے درمیان مفاہمتی یادداشت  پر دستخط کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔

‎ایم او یو پر سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سقراط امان رانا اور ایم ایم بی ایل کے صدر و سی ای او حارث محمود چوہدری نے دستخط کیے۔

‎تقریب میں وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم بھی موجود تھے۔

‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ملک بھر میں مائیکرو سطح کے کاروباروں کو مالیاتی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومتی مالیاتی اسکیموں اور ترقیاتی خدمات کو مائیکرو انٹرپرائزز تک پہنچانا ناگزیر ہے تاکہ معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو۔

‎انہوں نے کہا کہ حکومت ایسا کاروباری ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے جہاں ہر مائکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائز کو مساوی مواقع حاصل ہوں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ مالیاتی خواندگی کی کمی اور فنانس تک محدود رسائی  کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اور آج کا ایم او یو ان رکاوٹوں کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

‎ہارون اختر خان نے مزید کہا کہ اشتراک کے تحت چھوٹے کاروباروں کو قرضوں اور ترقیاتی خدمات تک آسان رسائی حاصل ہوگی، جبکہ خواتین انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لیے ایک علیحدہ پالیسی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

‎وفاقی سیکرٹری سیف انجم نے کہا کہ سمیڈا اور ایم ایم بی ایل کی شراکت، مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

‎سی ای او سمیڈا سقراط امان رانا نے بتایا کہ ملک میں مائیکرو فنانس کا پورٹ فولیو 650 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے، جس میں مائیکرو فنانس بینکوں کا حصہ 71.3 فیصد ہے، تاہم خواتین قرض دہندگان کا حصہ ابھی صرف 34.8 فیصد ہے، جس میں اضافہ ضروری ہے۔

‎ایم ایم بی ایل کے صدر حارث محمود چوہدری نے کہا کہ مائیکرو فنانس پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سمیڈا اور ایم ایم بی ایل کی شراکت مائیکرو فنانس، ڈیجیٹل فنانس اور کاروباری خدمات کے امتزاج سے ایس ایم ایز کو مضبوط بنائے گی، اور یہ اشتراک پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کا مضبوط ستون ثابت ہوگا۔