ملکی معیشت کے تمام اشاریے مثبت ہیں ، ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے،وزیر اعظم شہباز شریف

14

 

جہانیاں ۔18اکتوبر  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ  پاکستان نے معاشی استحکام اور سفارتی کامیابیوں کی  تاریخ رقم کی ہے ، ملکی معیشت کے تمام اشاریے مثبت ہیں اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے –

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے جہانیاں میں رکن قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر کے گھر آمد کے موقع پر سیاسی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ  قومی معیشت ترقی  کی طرف تیزی سے آگے بڑھے گی ،یہ بہت بڑا چیلنج اور عزم ہے جس  کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سفارتی محاذ پر بھی اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وہ کامیابیاں عطاء کیں جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  سعودی عرب کے ساتھ جو ہمارا دفاعی معاہدہ ہوا ہے اور سعودی عرب نے پاکستان کے عوام ، بھائیوں اور بہنوں پر جو محبت کے پھول نچھاور کئے اس سے پہلے دیکھتی آنکھوں نے اس طرح کا استقبال کبھی نہیں دیکھا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا اور عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں ،اسی طرح واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا  ، ہم سب  نے ملکر امریکی  صدر سے کہاکہ یہ جنگ بند کرانا بہت بڑی خدمت ہوگی جس پر امریکی صدر نے وعدہ کیا کہ وہ جنگ بندی کیلئے کوشاں ہیں  اور آج الحمد اللہ جنگ بند ہو چکی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  جنگ بندی سے ایک منٹ قبل بھی بچوں اور بچیوں کو شہید کیا جارہا تھا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ  یہ بہت بڑی خدمت ہے جس کا اجر ان تمام لوگوں کو ملے گا جنہوں نے جنگ بندی میں کردار ادا کیا اور پاکستان نے بھی اس میں اپنا حصہ ڈالا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  اگر ہم سب ملکر یہ فیصلہ کرلیں کہ ہم نے پاکستان کی معاشی تقدیر بدلنی ہے تو جس طرح ہم نے جنگ میں فتح حاصل کی ،اسی  طرح ہم معاشی میدان میں بھی ملکر کوشش کر کے کامیاب ہونگے۔  وزیر اعظم نے کہا کہ  ہمیں  پاکستان کی تقدیر بدلنے اور قائد اعظم اور ڈاکٹر علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر کرنی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ملکر محنت کریں گے تو پاکستان انشاء اللہ اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا ۔