ایڈوانسڈ میٹیریلز کے شعبے میں ہونے والی تحقیق صنعتی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی ، خالد حسین مگسی

9

اسلام آباد، 31 اکتوبر(اے پی پی ):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے 19ویں انٹرنیشنل سمپوزیم آن ایڈوانسڈ میٹیریلز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے عالمی پروگرام سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تحقیق، تعاون اور تجربات کے تبادلے کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے غیر ملکی مندوبین اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایڈوانسڈ میٹیریلز کے شعبے میں ہونے والی تحقیق نہ صرف صنعتی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی بلکہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ ان کے مطابق ایسے سمپوزیمز نوجوان محققین اور سائنسدانوں کو عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت سے روشناس کراتے ہیں اور انہیں اپنی تحقیق میں جدت لانے کے نئے راستے فراہم کرتے ہیں۔

خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان میں میٹیریلز سائنس سے وابستہ بے شمار باصلاحیت سائنسدان اور انجینئرز موجود ہیں جو اپنی صلاحیتوں کے بل پر ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت نوجوان سائنسدانوں اور محققین کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں تاکہ انہیں سائنسی میدان میں بہتر مواقع میسر آسکیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، اور اب وہی قومیں ترقی کر سکتی ہیں جو جدید چیلنجز کو سمجھ کر ان سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا وہ نہیں رہی جو ہمیں اپنے والدین سے وراثت میں ملی تھی، بلکہ یہ ایک نئی دنیا ہے جس میں علم، تحقیق اور ٹیکنالوجی ہی کامیابی کی کنجی ہیں۔