تعلیم قومی ترقی کی بنیاد ہے، نوجوان تعلیم و تحقیق کے ذریعے ملک کا مستقبل سنواریں، خالد حسین مگسی

8

اسلام آباد، 20 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی تعلیم یافتہ، ہنر مند اور ذمہ دار نوجوانوں پر منحصر ہے، تعلیم میں سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی کنوکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

خالد مگسی نے نسٹ کی جانب سے باصلاحیت اور محبِ وطن گریجویٹس تیار کرنے پر ادارے کی کاوشوں کو سراہا جو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدیدیت کے میدان میں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں، کیونکہ اقتصادی استحکام کا راستہ علم، مہارت اور تحقیق کے فروغ سے ہو کر گزرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے خواتین کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تعلیم دینا دراصل پورے معاشرے کو منور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے گریجویٹس کل کے رہنما اور سائنسدان ہیں، قوموں کی تقدیر ان کے تعلیمی اداروں میں ہی تشکیل پاتی ہے۔

وفاقی وزیر نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر نسٹ کی انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان میں تعلیمی معیار کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔