اسلام آباد، 20 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ قابلِ اعتماد اعداد و شمار قومی ترقی اور مؤثر پالیسی سازی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درست معلومات ہی ترقی کی سمت متعین کرتی ہیں اور منصوبہ بندی کو نتیجہ خیز بناتی ہیں۔
اسلام آباد میں پیر کو منعقدہ عالمی یومِ شماریات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ جدید دنیا میں کامیاب قومیں فیصلے اندازوں پر نہیں بلکہ حقائق اور اعداد و شمار کی بنیاد پر کرتی ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم، صحت، زراعت اور معیشت جیسے شعبوں میں بروقت اور درست ڈیٹا کے بغیر مؤثر منصوبہ بندی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے ڈیٹا پر مبنی حکمتِ عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی پیداوار میں بہتری، پانی کے مؤثر استعمال اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے معیشت کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔
پروفیسر احسن اقبال نے مزید کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے فیصلوں کی بنیاد ہمیشہ درست اور شفاف اعداد و شمار پر ہونی چاہیے۔











