‎راول ڈیم کے اطراف  صفائی مہم کا آغاز، گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی

16

‎اسلام آباد،  12 اکتوبر ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر راول ڈیم کے اردگرد وسیع صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سی ڈی اے کے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کوڑا کرکٹ ہٹانے کے لیے بھرپور آپریشن جاری ہے۔

‎ترجمان سی ڈی اے کے مطابق راول ڈیم کے اطراف گندگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے  راول ڈیم ا کے طراف میں واقع ریستورانوں، ہاؤسنگ سوسائٹیز اور کمرشل مراکز کو جرمانے اور چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔

‎چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت جاری کی ہے کہ اس صفائی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے سول سوسائٹی، اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے طلباء کو بھی شامل کیا جائے۔ طلباء و طالبات اور سماجی تنظیمیں 15 اکتوبر کو صبح سے شام تک اس مہم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

‎اس خصوصی مہم میں شرکت کے خواہشمند افراد ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سے براہ راست واٹس ایپ نمبر 0300-5357667 پر رابطہ کر سکتے ہیں، یا سی ڈی اے کی ویب سائٹ https://cda.gov.pk کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

‎محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اس مہم کا مقصد عوام میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور شہری ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے نہ صرف راول ڈیم کے قدرتی حسن کو بحال رکھا جا سکے گا بلکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول بھی میسر آئے گا۔

‎گندگی پھیلانے والوں کے خلاف شکایات درج کرانے کے لیے سی ڈی اے ہیلپ لائن 1334 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔