اسلام آباد، یکم اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان آسان خدمت سینٹر کی کارکردگی، توسیع اور ملک کے مختلف علاقوں میں نئے مراکز کے قیام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے شہریوں کو ان کی دہلیز پر تیز، شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سرکاری خدمات کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آسان خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے متعدد سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان آسان خدمت سینٹر میں مختلف سہولیات کی فراہمی کے وقت میں مزید کمی لانے اور اسلام آباد میں مرکز کی توسیع کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہریوں کی ضروریات کے مطابق مختلف کاؤنٹرز پر عملے کی تعداد بڑھانے اور آسان خدمت مرکز اسلام آباد کی تیسرے فریق سے کرائی گئی کارکردگی کی آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے مظفرآباد، گلگت اور اسکردو میں آسان خدمت مراکز پر جاری کام تیز کرنے اور انہیں جلد فعال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پشاور اور بنوں میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے فوری اقدامات شروع کرنے اور وہاں موجود وفاقی عمارتوں میں مراکز کے قیام کا جامع منصوبہ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے نجی شعبے کے ساتھ مل کر ملک کے دیگر علاقوں میں بھی آسان خدمت مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں پاکستان آسان خدمت سینٹر کی کارکردگی، توسیع اور فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جنوری سے ستمبر تک ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد درخواستوں پر کارروائی کی جاچکی ہے جبکہ 99.5 فیصد شہریوں نے مرکز کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مرکز میں خدمات کی فراہمی کا اوسط وقت 3 سے 10 منٹ ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان آسان خدمت سینٹرز کے قیام پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، طارق فضل چوہدری اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔











