سولرائزیشن کے فروغ سے قومی معیشت، ماحولیات اور صنعتی ترقی میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی، بیرسٹر دانیال چوہدری

10

اسلام آباد،28اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اور توانائی کے شعبے کی پائیدار ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ہم سولرائزیشن کے عمل کو مؤثر پالیسیوں اور مقامی صنعت کی شمولیت کے ذریعے آگے بڑھائیں، حکومت کی حالیہ پالیسیوں نے جہاں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کو یقینی بنایا ہے، وہیں عام صارفین اور چھوٹے درجے کی صنعتوں کو بھی سولر ٹیکنالوجی کی جانب راغب کیا ہے۔منگل کو یہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو دنیا بھر کے مقابلے میں کہیں زیادہ شدت سے برداشت کیا ہے حالانکہ عالمی کاربن اخراج میں ہمارا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج فنڈز میں سے پاکستان جیسے ممالک کو ترجیحی بنیادوں پر مدد ملنی چاہئے تاکہ قابلِ تجدید توانائی کے منصوبے مؤثر طریقے سے آگے بڑھ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سولر پالیسی کو کلائمیٹ چینج پالیسی کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ نہ صرف توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دیا جائے بلکہ ماحولیاتی پائیداری کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے  سولر پینلز پر محدود  ٹیکس لگایا تاکہ صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آئیسکو ریجن میں 2023-24 کے دوران 33 ہزار 834 سولر کنزیومرز تھے جو 2024-25 میں بڑھ کر 72 ہزار 331 ہو گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام سولر انرجی کی طرف تیزی سے منتقل ہو رہے ہیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے بتایا کہ اسی عرصے میں آئیسکو نے 379 میگاواٹ کے سولر پینلز انسٹال کئے جن سے 653 گیگا واٹ آور بجلی قومی گرڈ میں واپس فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کسانوں کو مفت سولر آلات فراہم کرنے کا پروگرام بھی قابلِ ستائش ہے جو زرعی پیداوار میں بہتری اور توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لئے ٹیکس فری اور بلاسود سولر پالیسی متعارف کروانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بھی بجلی کی بڑھتی ہوئی لاگت سے نجات حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، لہٰذا موجودہ پالیسیوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر جاری رکھنا ضروری ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط قوم ہے جو مثبت سمت میں گامزن ہے اور سولرائزیشن کے فروغ سے آنے والے برسوں میں قومی معیشت، ماحولیات اور صنعتی ترقی میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔