اسلام آباد، 23 اکتوبر (اے پی پی): نوری ہسپتال اسلام آباد کی رجسٹرار ڈاکٹر جویریا نے کہا ہے کہ نوری ہسپتال نہ صرف اسلام آباد بلکہ راولپنڈی، اٹک، جہلم، اپر پنجاب اور شمالی علاقہ جات کے مریضوں کو بھی علاج کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔سکریننگ مہمات کا بنیادی مقصد عوام میں سرطان سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور بروقت تشخیص کے ذریعے جان بچانے کے امکانات کو بڑھانا ہے۔
انہوں نے جمعرات کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں بڑی تعداد میں ایسے مریض آتے ہیں جنہیں پہلے ہی چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہو چکی ہوتی ہے اور وہ کیموتھراپی یا ریڈی ایشن جیسے علاج کے مراحل سے گزرنے کے لیے آتے ہیں۔ تاہم اکتوبر کے مہینے میں بہت سے افراد محض سکریننگ کے لیے بھی ہسپتال آتے ہیں تاکہ بیماری کے کسی ممکنہ خطرے کا بروقت پتہ چلایا جا سکے۔
ڈاکٹر جویریا نے کہا کہ ہر مریض کے علاج کا طریقہ اس کی عمر، مرض کی نوعیت اور سٹیج پر منحصر ہوتا ہے۔ بعض مریضوں میں صرف سرجری کافی ثابت ہوتی ہے جبکہ بعض کیسز میں سرجری کے بعد کیموتھراپی یا ریڈی ایشن کی ضرورت پیش آتی ہے۔











