اسلام آباد،23اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پولینڈ کے ہم منصب کے دورہ پاکستان کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران فریقین نے دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں پولینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ رادوسواف سکورسکی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران پولینڈ کے ہم منصب رادوسواف سکورسکی اور میں نے پاکستان اور پولینڈ کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جو بہت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ہماری دوطرفہ تجارت کا حجم ایک بلین ڈالر سے زیادہ ہے اور دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہےکہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ نے تجارت، توانائی، بنیادی ڈھانچے، دفاع، انسداد دہشت گردی، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے دیرینہ حل طلب تنازعہ جموں و کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی وزارت خارجہ نے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد فریقین کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اور پولینڈ کے انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کے درمیان تعاون کے لئے ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے پولینڈ کے ہم منصب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل انہوں نے 2011ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ کے نائب وزیر اعظم دنیا کے اس حصے میں کوئی اجنبی نہیں، انہوں نے 1980ء کی دہائی میں خطے میں جنگی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دیں۔
سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے پولینڈ کی جدوجہد آزادی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کا منفرد تاریخی تعلق ہے، دوسری جنگ عظیم کے دوران پولینڈ کے ہزاروں مہاجرین نے موجودہ پاکستان یعنی کراچی اور کوئٹہ میں پناہ حاصل کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی بنیاد رکھنے میں پولینڈ کے پائلٹس اور انجینئرز کے کردار کو یاد کرتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشترکہ تاریخی تناظر کے ساتھ پاکستان پولینڈ کو دو طرفہ اور یورپی یونین میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پولینڈ نے اب ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کے لیے اقتصادی پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھیں گے۔











