اسلام آباد، 7 0اکتوبر (اے پی پی): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت خدمات، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن کا اجلاس چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ گزشتہ سال وزارت کا بجٹ 21 ارب روپے تھا جو اب کم ہو کر 14 ارب رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، جبکہ 12 نئے منصوبے تجویز کیے گئے تھے مگر ان کے لیے فنڈز مختص نہیں کیے گئے۔
کمیٹی نے ادویات کی قیمتوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں کا معاملہ نہایت حساس ہے اس لیے تجویز دی کہ اسے کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس میں الگ سے زیر بحث لایا جائے جس سے چیئرمین کمیٹی نے اتفاق کیا۔
کمیٹی کو اسلام آباد ڈینٹل اسپتال کے انتظامی کنٹرول اور شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی سے متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔











