اسلام آباد ، 7 اکتوبر(اے پی پی ): ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ملازمین کے لیے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے اور تجدید کرانے کی سہولت ان کے دفتر ہی میں فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی موبائل لائسنس ٹیم نے اے پی پی ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ یہ سہولت اے پی پی انتظامیہ کی درخواست پر فراہم کی گئی تاکہ ملازمین کو لائسنس کے اجراء، تجدید اور ابتدائی معلومات کے لیے باآسانی میسر آ سکیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے عملے نے اس موقع پر ملازمین کو نئے لائسنس کے اجراء، تجدید اور مختلف مراحل سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی۔ ٹیم نے موقع پر ہی لرنر لائسنس کے اجرا، ڈیٹا کے اندراج اور دیگر امور سے متعلق بھی معلومات فراہم کی، تاکہ ملازمین کا قیمتی وقت بچایا جا سکے اور انہیں بروقت سہولت میسر آئے۔
سہولت سے استفادہ کرنے والے اے پی پی کے ملازمین نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں لائسنس کے حصول میں خاصی آسانی ہوئی ہے۔
انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس اور اے پی پی انتظامیہ کی اس مشترکہ کاوش کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے اقدامات ملازمین کی سہولت اور فلاح کے لیے جاری رہیں گے۔











