صنعتی عمل کو تیز کر کے روزگار کے مواقع بڑھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین

11

لاہور، 31 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوانِ صنعت و تجارت ساہیوال کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ساہیوال میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ فیصلہ صنعتکاروں کے مطالبے اور علاقے میں صنعتی توسیع کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران علی شاہ، ایم پی اے ملک ارشد، صدر ایوانِ صنعت و تجارت ساہیوال چوہدری راشد حمید، سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود، چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال، ایم ڈی پیسک سائرہ عمر سمیت دیگر افسران شریک تھے۔ چوہدری شافع حسین نے ہدایت کی کہ ساہیوال کی ضلعی انتظامیہ دو ہفتوں کے اندر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے لیے بنجر اراضی کی نشاندہی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کی موجودہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کی 100 فیصد کالونائزیشن ہو چکی ہے اور اب صنعتی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتی عمل کو تیز کر کے روزگار کے مواقع بڑھانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں حاصل کیے گئے پلاٹس پر دو سال کے اندر صنعتی یونٹ لگانا لازمی ہوگا، بصورت دیگر پلاٹس منسوخ کر دیے جائیں گے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صنعتی مراکز کو کسی صورت پراپرٹی کے کاروبار کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا، اور حکومت انڈسٹریل اسٹیٹس کی 100 فیصد کالونائزیشن کو یقینی بنائے گی۔ ملاقات پیسک ہاؤس میں ہوئی، جبکہ ساہیوال کے ضلعی حکام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔