لاہور، 31 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکانِ اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، جس میں فیصل آباد کے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں، سیاسی صورتحال اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکینِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی وژنری قیادت اور شفاف طرزِ حکمرانی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فیصل آباد میں الیکٹرو بس سروس کے اجراء پر اظہارِ تشکر کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ہر شہری کو انصاف، سہولت اور روزگار اس کے دروازے پر فراہم کرنا ان کا وعدہ ہی نہیں بلکہ مشن اور عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پنجاب کی صنعتی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کی ترقی پورے صوبے کی معیشت کو مضبوط کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پنجاب میں قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، کیونکہ عوام کا اطمینان ہی حقیقی حکمرانی کی بنیاد ہے۔ اراکینِ اسمبلی نے کہا کہ مریم نواز شریف کے اقتدار سنبھالنے کے بعد صوبے میں روزانہ عوام کو نئی خوشخبری مل رہی ہے، امن و امان کی بحالی، شفافیت اور ترقیاتی منصوبوں نے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ اسکیم جیسے اقدامات نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جو مریم نواز شریف کے ویژن کا عملی مظہر ہیں۔











