لاہور، 24 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین فیڈمک رانا اظہر اقبال نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں 17 ایکڑ رقبے پر عالمی معیار کا کمیونٹی سینٹر تعمیر کیا جائے گا، جہاں چائنیز اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے قیام و رہائش کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیڈمک اور نیسپاک کے حکام مل بیٹھ کر کمیونٹی سینٹر اور دیگر منصوبوں کے امور کو جلد طے کریں، جبکہ نیسپاک ایک ہفتے کے اندر سینٹر کے ڈیزائن کو حتمی شکل دے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ فیڈمک کے انڈسٹریل اسٹیٹس میں گزشتہ دو برسوں کے دوران انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بے مثال اقدامات کیے گئے ہیں۔ یہاں بنایا گیا ہسپتال سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا جا چکا ہے جبکہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ تعینات ہو چکے ہیں۔ ف
یڈمک حکام کے مطابق 211 فیکٹریاں پیداوار دے رہی ہیں جبکہ 200 صنعتی یونٹس تعمیر کے مراحل میں ہیں۔ حکومتی پالیسی کے تحت ایسے پلاٹس جن پر دو سال کے اندر صنعتی یونٹس نہ لگائے گئے، منسوخ کر دیے گئے ہیں، اور آئندہ بھی اسی پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف، بروقت اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ دورۂ چین کے دوران 18 سے زائد چینی کمپنیوں سے مفید ملاقاتیں ہوئیں، اور متعدد چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کے باعث روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں چیئرمین فیڈمک رانا اظہر اقبال، سی ای او میاں جمیل احمد، جی ایم انجینئرنگ کرنل عادل اور نیسپاک حکام نے شرکت کی۔











