فیصل آباد میں انڈیا کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور ظلم و ستم کے خلاف یومِ سیاہ منایا گیا

15

فیصل آباد، 27    اکتوبر (اے پی پی)ضلع بھر میں انڈیا کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور ظلم و ستم کے خلاف یومِ سیاہ منایا گیا۔اس موقع پر تحصیلوں،قصبوں اور دیگر مقامات پر احتجاجی ریلیاں منعقد ہوئیں جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہر کی مختلف شاہراؤں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر سیاہ پرچم اور بینرز آویزاں کئے گئے جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام مرکزی ریلی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس کی قیادت میں ضلع کونسل چوک سے شروع ہوئی۔ریلی میں اسسٹنٹ کمشنرز،ضلعی افسران،اساتذہ، سٹاف ممبران، طلباء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی پریس کلب سے گزرتی ہوئی کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر”کشمیری مانگے انصاف”،”انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار”، “مقبوضہ کشمیر میں انصاف خاموش کیوں “اور”بھارتی جارحیت غیر قانونی ہے”جیسے نعرے درج تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس نے کہا کہ27،اکتوبر  1947ء کا دن کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے طاقت کے بل پر سرینگر پر قبضہ کرکے کشمیریوں کی آزادی سلب کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کی طرح آج بھی ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ظلم و جبر کے خلاف ان کی آواز بنے گی۔شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت نہیں ملتا پاکستانی قوم چین سے نہیں بیٹھے گی۔ریلی کے اختتام پر کشمیری شہداء کے ایصالِ ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیر بنے گا پاکستان کا خواب جلد حقیقت کا روپ دھارے گا۔