فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر سے ملاقات

11

راولپنڈی، 27 اکتوبر(اے پی پی ): چیف آف آرمی سٹاف ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے  ہاشمی بادشاہت اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین اور اردن کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر سے ملاقات اردن کے سرکار  ی دورے کے دوران کی۔

اس ملاقات میں ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ دوم بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران، دونوں معززین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر دفاع اور سلامتی میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور علاقائی پیش رفت پر نقطہ نظر کے تبادلے پر توجہ دی گئی۔

چیف آف آرمی سٹاف نے پاکستان کی عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے شاہ عالیہ کو تہنیتی پیغام پہنچایا اور اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں  نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور شراکت کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

قبل ازیں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اردن کی مسلح افواج (جے اے ایف) کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد الحنیتی سے بھی جنرل ہیڈ کوارٹرز عمان میں ملاقات کی۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

دورے کے دوران دونوں معززین نے پاکستان اور اردن کی مسلح افواج کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا۔ میجر جنرل یوسف احمد الحنیتی نے امن اور علاقائی سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی شاندار خدمات کا بھی اعتراف کیا۔