ریاض،27اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر نوویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کانفرنس میں شرکت کیلئے ریاض پہنچ گئے۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر شہزاہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے وزیر اعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور بلال بن ثاقب وزیر اعظم کے ہمراہ اعلی سطح وفد میں شامل ہیں ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وہ دورے کے دوران سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں پاکستان و سعودی عرب کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو کے علاوہ باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیر اعظم فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شرکت کیلئے آئے عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔











