قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے شامی سفیر کی ملاقات

21

‎اسلام آباد،01 اکتوبر(اے پی پی):قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں شام کے سفیر ڈاکٹر رامز الریعی نے ملاقات کی ہے،جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی و برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

‎قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان شام کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور شام نے ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے،اور پاکستان نے شام میں خانہ جنگی کے دوران بھی دمشق میں اپنا سفارتی مشن برقرار رکھا۔

‎صدر گیلانی نے کہا کہ دمشق اور ملتان کی تہذیبوں میں تاریخی اور ثقافتی مماثلت پائی جاتی ہے،جو دونوں اقوام کو قریب لاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم میں شام کی رکنیت کی بحالی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا،اور اب وہ شام کی تعمیرِ نو میں بھرپور تعاون کے لیے بھی تیار ہے۔

‎صدر نے شامی سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان کی جانب سے شامی سفارتکاروں،اساتذہ، اور طبی ماہرین کے لیے تربیتی پروگرام دستیاب ہیں، جو شام کی انسانی و ادارہ جاتی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔

‎شامی سفیر ڈاکٹر رامز الریعی نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شام دفاع، معیشت، آئی ٹی، اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

‎ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔