ملتان، 01 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خان نے شہر اولیاء میں بیوٹیفکیشن اور یادگاروں کی تعمیر کی روایت برقرار رکھتے ہوئے نشتر چوک پر تعمیر کی جانے والی یادگار کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں،ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد حسین،ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ مبشر الرحمان سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
کمشنر نے فیتہ کاٹ کر یادگار کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیوٹیفکیشن وژن کے تحت شہر اولیاء میں یادگاروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نشتر چوک کا خوبصورت ڈیزائن آئی ڈیپ سے تیار کرایا گیا ہے جبکہ ایم ڈی اے نے اس منصوبے کو تین ماہ میں مکمل کیا۔
ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد حسین نے کہا کہ سات اعشاریہ پانچ ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی یہ یادگار ملتان کی تاریخی اور ثقافتی شناخت میں اضافہ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں بیوٹیفکیشن منصوبوں کے تحت ٹریفک سگنلز کی تنصیب،خوبصورت لائٹنگ اور لینڈ سکیپنگ کا کام بھی جاری ہے۔شہریوں نے یادگار کی تعمیر پر ڈویژنل اورضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس طرح کے منصوبے شہر کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے فخر کا باعث ہیں۔











