اسلام آباد، 30 اکتوبر (اے پی پی ): لوک ورثہ میں یونس ایمری انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے ترکیہ کے نیشنل ڈے کی مناسبت سے تصویری نمائش اور شام موسیقی کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ترکیہ کی ثقافتی جھلکیاں لوگوں تک پہنچانا تھا۔
یہ رنگا رنگ تقریبات پاک ترکیہ فرینڈشپ ویک کا حصہ ہیں جو پاکستان میں جاری ہیں۔ تصویری نمائش میں ترکیہ کی علاقائی اور ترکیہ اور پاکستان کے مشترکہ ہیروز کی زندگی کی عکاسی کی گئی جبکہ شام موسیقی میں ترکیہ سے آئے ثقافتی گروپ نے اپنی موسیقی اور رقص پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستانی علاقائی ثقافتی رقص اور قوالی پیش کی گئی جس میں فنکاروں نے اپنے فن سے شائقین کو محظوظ کیا۔
وزیر مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ رحمان اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں نے تقریب میں شرکت کی۔











