مذہب کے نام پر شرپسندی کے خلاف ضلعی امن کمیٹی کا بھرپور اتحاد کا اعلان

13

 ملتان،31اکتوبر(اے پی پی ):ضلعی امن کمیٹی نے مذہب کے نام پر شرپسندی، اشتعال انگیزی اور امن و امان خراب کرنے کی سازشوں کے خلاف مکمل اتحاد اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی کے علماء کرام اور شرکاء نے ریاست دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی امن و استحکام کے لیے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور سی پی او صادق علی ڈوگر کی زیر صدارت امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء، تاجر نمائندگان اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا جبکہ ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔علماء کرام نے اس موقع پر کہا کہ کچھ عناصر سیاسی جماعتوں کا لبادہ اوڑھ کر ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر عوام، علما اور ریاستی ادارے ان کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ شرکاء نے کہا کہ سیاسی مفادات کے لیے امن و امان کو نقصان پہنچانے والوں کی کوئی گنجائش نہیں، ہم ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ “شہرِ اولیاء نے ہمیشہ محبت، رواداری اور امن کا پیغام دیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ اتحاد اور برداشت ہی موجودہ حالات میں ملک کو استحکام کی جانب لے جا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ریاست نے نفرت اور تشدد پھیلانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔
سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ پولیس فورس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ مذہب کے نام پر شرپسندی اور قانون شکنی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اور شہری امن کے قیام کے لیے ایک صف میں کھڑے ہیں۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ریاستی اداروں کی مکمل حمایت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔