مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے، سینیٹر پرویز رشید

14

 

اسلام آباد، 24 اکتوبر (اے پی پی ): مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے ،کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پاکستان کو اپنا مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا  اظہار انھوں نے کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پوری قوم کا مؤقف ہمیشہ ایک رہا ہے،ہم باقی معاملات میں اختلاف رکھتے ہیں لیکن کشمیر کی آزادی کے معاملے پر ہم سب متفق ہیں۔

 پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کا مقدمہ کسی ایک حکومت یا جماعت سے تعلق نہیں رکھتا بلکہ یہ پوری قوم کا مشترکہ مؤقف ہے،تمام حکومتوں کا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک ہی موقف رہا ہے کہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی رائے سے ہونا چاہئے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا تھا مگر اب وہ اپنے ہی وعدوں سے انحراف کر رہا ہے،دنیا میں انصاف نہیں بلکہ طاقت کا قانون چلتا ہے۔ بطور پاکستانی ہمیں اپنا کردار مزید مؤثر بنانا ہوگا۔