ملتان : ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس

24

ملتان 23 اکتوبر (اے پی پی ): ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس میں ملک دشمن عناصر کے خلاف بھرپور اتحاد اور مذہب کی آڑ میں امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عزم کیا گیا۔

اجلاس کے دوران شرپسندی، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کے خاتمے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور اتحاد، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے مشترکہ حکمت عملی طے کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ امن کمیٹی ملک دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ شہرِ اولیاء کے عوام اور علماء نے ہمیشہ برداشت، رواداری اور بھائی چارے کی مثال قائم کی ہے۔

سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ امن دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ شہر میں شرپسندی پھیلانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھنے اور ان کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے امن و امان کے قیام کیلئے تمام مکاتبِ فکر کے مابین باہمی تعاون جاری رہے گا۔

اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور سی پی او صادق علی ڈوگر نے کی۔ اجلاس میں جید علماء کرام، تاجر برادری اور امن کمیٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔