ملتان، 03 اکتوبر ) اے پی پی ): زیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ملتان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے سروے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو فیلڈ میں متحرک ہیں اور متاثرہ علاقوں کا باقاعدگی سے دورہ کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ روز سیلاب سے متاثرہ مختلف مقامات کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے جوائنٹ سروے ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ٹیموں سے بریفنگ بھی لی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ ایک ایک گھر کا مکمل اور شفاف سروے کیا جائے تاکہ کسی متاثرہ خاندان کو نظر انداز نہ کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر کے 162 سے زائد مواضعات میں نقصانات کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ نے اس مقصد کے لئے 82 سے زائد جوائنٹ ٹیمیں فیلڈ میں تعینات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیمیں جدید آن لائن سسٹم کے تحت ڈیٹا اپ لوڈ کر رہی ہیں تاکہ سروے کی شفافیت اور درستگی یقینی بنائی جا سکے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی اور ان کی دلجوئی کی۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور نقصانات کا سروے مکمل ہونے کے بعد امدادی عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے اور کسی کو مشکلات میں تنہا نہ چھوڑا جائے۔











