ملتان :کمشنر عامر کریم خاں نے نجی شعبے کے تعاون سے تعمیر ہونے والے بی زیڈ یو بس شیڈ کا افتتاح کر دیا

12

ملتان ،29 اکتوبر(اے پی پی ): کمشنر عامر کریم خاں نے نجی شعبے کے تعاون سے تعمیر ہونے والے بی زیڈ یو بس شیڈ کا افتتاح کر دیا ہے۔

 اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد حسین، نور اصغر بچہ، یاسر بچہ، ڈائریکٹرز ایم ڈی اے رانا وسیم اور راؤ زکا بھی موجود تھے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہاکہ شہری سہولت کے لیے شہرِ اولیاء میں 22 جدید بس شیڈز کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے جن میں سے 6 بس شیڈز مکمل ہو چکے ہیں۔ ان میں 4 ایم ڈی اے جبکہ 2 نجی شعبے کے اشتراک سے تعمیر کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچ ولاز کے اشتراک سے بی زیڈ یو روڈ پر جدید طرز کا بس شیڈ تعمیر کیا گیا ہے جو شہریوں، خصوصاً خواتین اور طلبا کو آرام دہ انتظار گاہ کی سہولت فراہم کرے گا۔کمشنر نے کہا کہ شہری فلاح کے ایسے منصوبے ملتان کے حسن اور شناخت میں اضافہ کر رہے ہیں۔ پرائیویٹ سیکٹر کا تعاون شہر کی ترقی میں خوش آئند قدم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بس شیڈز کے ڈیزائن میں ملتانی ثقافت کے رنگ شامل کیے گئے ہیں تاکہ شہر کی ثقافتی پہچان کو اجاگر کیا جا سکے۔ڈویژنل انتظامیہ شہری سہولت و فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔