ملتان ،29 اکتوبر(اے پی پی ): کمشنر ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ترقیاتی اسکیموں پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اے ڈی پی سمیت جاری اور نئی ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے متعدد محکموں کی اسکیموں میں فنڈز ریلیز کے باوجود سست رفتاری پر برہمی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ فنڈز کی مؤثر کھپت، ترقیاتی عمل میں شفافیت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں ناقص کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف کارروائی اور غیر سنجیدہ ٹھیکیداروں کی بلیک لسٹنگ کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ کئی اسکیموں میں فنڈز یوٹیلائزیشن دس فیصد سے کم رپورٹ ہونے پر کمشنر نے وضاحت طلب کر لی۔
اجلاس کے دوران سپورٹس کمپلیکس ملتان، جلالپور پیروالہ، محمد نواز شریف یونیورسٹی، ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس، اسکول اور کالج ہاسٹل منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے منصوبوں میں تاخیر پر اظہارِ ناراضی کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو تنبیہ کی کہ آئندہ ایسی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی فزیکل ویری فکیشن اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے، جب کہ کم فنڈز ریلیز والی اسکیموں کے لیے متعلقہ سیکریٹریز کو مراسلے بھی جاری کیے جائیں۔ پی اینڈ ڈی کے اعتراضات والی اسکیموں پر بھی عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر عوامی مفاد کے منافی ہے۔ تمام افسران فیلڈ وزٹ کر کے زمینی صورتحال کی رپورٹ پیش کریں تاکہ ترقیاتی اہداف بروقت مکمل کیے جا سکیں۔











