اسلام آباد،09 اکتوبر(اے پی پی): وزارت امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران کے زیرِ اہتمام 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کے طور پر منانے کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس وفاقی سیکرٹری ظفر حسن کی زیرِ صدارت آزاد جموں و کشمیر کونسل سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں مختلف وفاقی وزارتوں، صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کے لیے انتظامات کا جائزہ لینا تھا تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری نے شرکاء کو تفصیل سے بریفنگ دی اور واضح کیا کہ اس سال یومِ سیاہ ماضی کے مقابلے میں زیادہ مؤثر انداز میں منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور لداخ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ سیاہ کے موقع پر ملک بھر میں سیمینارز، ریلیاں اور دیگر تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے بین الاقوامی برادری کو بھی بھارت کے مظالم سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ یاد رہے کہ ہر سال 27 اکتوبر کو پاکستان بھر میں یومِ سیاہ منایا جاتا ہے تاکہ اقوامِ عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔











