ملتان،09 اکتوبر(اے پی پی ): کمشنر آفس ملتان میں موٹروے بحالی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں شیر شاہ تا جلال پور پیر والا 78 کلومیٹر موٹروے سیکشن کو ٹریفک کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ 78 کلومیٹر حصہ کھول دیا گیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
جلال پور پیر والا سے ہائی وے روڈ پر ڈائیورشن قائم کی گئی ہے اور ٹریفک جلال پور پیر والا سے لودھراں روڈ کے ذریعے رواں دواں رہے گی۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹروے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ باقی متاثرہ حصوں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور موٹروے کی مکمل بحالی جلد متوقع ہے۔
اجلاس میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں ڈی آئی جی موٹروے پولیس ڈار علی خان خٹک، ایس ایس پی موٹروے پولیس محمد سرفراز، ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، این ایچ اے، محکمہ انہار، ایس این جی پی ایل، ہائی ویز اور پاک فوج کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔











