وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت صنعت و زراعت کے لیے پاور ڈویژن کے اصلاحاتی پیکج پر جائزہ اجلاس

13

اسلام آباد، 20 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صنعت اور زراعت کے شعبے کے لیے پاور ڈویژن کے اصلاحاتی پیکج پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو پاور ڈویژن کی جانب سے ملک میں بجلی کی پیداوار اور اس کے جامع و مؤثر استعمال سے متعلق ممکنہ اصلاحاتی پیکج پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے وفاقی وزارتِ توانائی کو ہدایت کی کہ بجلی کی پیداوار کے مؤثر استعمال کے ذریعے صنعتی پیداوار اور زرعی مصنوعات میں اضافے کے لیے جامع حکمتِ عملی ترتیب دی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی صنعتی پیداوار میں اضافے کے لیے پاور ڈویژن جامع اور مؤثر پالیسی سفارشات تیار کرے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ صنعتی پیداوار سے متعلق تمام ادارے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زراعت اور صنعت کے شعبے کو سہولت پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کے زیادہ سے زیادہ مثبت استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر پالیسی پر کام کیا جائے، کیونکہ بجلی کی بہترین پیداوار صنعتی مصنوعات اور زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز ڈویژن احد خان چیمہ، مشیر برائے صنعت ہارون اختر اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔