لاہور،20 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کو یہاں ملاقات کی جس دوران خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صوبہ کے مختلف اضلاع میں فتنہ الخوارج کیخلاف جاری آپریشنز اور پاک افغان موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے فتنہ الہندوستان کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ملاقات میں پولیس ٹریننگ سنٹر و نادرا آفس ڈی آئی خان پر حملوں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور پولیس ٹریننگ سنٹر اور نادرا آفس ڈی آئی خان کی متاثرہ عمارت کی ازسر نو بحالی پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہادری سے دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کیا ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد پاکستان کی یکجہتی اور امن کے دشمن ہیں، ان درندہ صفت عناصر کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے فتنہ الہندوستان کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ میں امن و امان اور انسداد دہشتگردی کیلئے بھرپور ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن کے داعی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی و خوشحالی کیلئے قیام امن ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے دشمن دہشتگردوں کیخلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز ناگزیر ہیں۔











