اسلام آباد، 27 اکتوبر ( اے پی پی): یوم سیاہ کشمیر پر وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و عوامی امور، سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی یاد دلاتا ہے۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا ۔ بھارت کا یہ غاصبانہ عمل کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر ایک براہ راست حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک دن پر، میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ ہم کشمیریوں کی لازوال قربانیوں اور دہائیوں سے جاری ان کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ کشمیری عوام کی ثابت قدمی اور انصاف کے لیے غیر متزلزل عزم ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ ہم کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ اقوام متحدہ کو غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے ۔رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیریوں کا نہیں، بلکہ انسانیت اور عالمی انصاف کا مسئلہ ہے۔عالمی برادری اس دیرینہ تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کروائے۔











