چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر مسٹر محمد یونس سے ملاقات

24

راولپنڈی، 27 اکتوبر(اے پی پی ): جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی  نے بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کے دوران . بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر مسٹر محمد یونس، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد نظم الحسن، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل حسن محمود خان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسر (پی ایس او) لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم کمر الحسن سے ملاقات کی۔

الگ الگ ملاقاتوں کے دوران دونوں فریقین  نے بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی ماحول اور سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے لیے پاکستان کی تعریف کا اعادہ کیا اور خود مختار مساوات اور باہمی احترام کی بنیاد پر ان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا۔ دونوں اطراف نے دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو بہتر بنانے کے بارے میں امید کا اظہار کیا اور ملٹری ٹو ملٹری مصروفیات اور متعلقہ اقدامات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس، سلہٹ کا بھی دورہ کیا اور فیکلٹی اور طلباء سے بات چیت کی۔ بنگلہ دیش کی سول ملٹری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی کامیابیوں اور قربانیوں کو سراہا۔

قبل ازیں، سینا کنجو پہنچنے پر ایک چاق و چوبند فوجی دستے نے CJCSC چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کو ‘گارڈ آف آنر’ پیش کیا اور انہوں نے شیکھا انیربن پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔