لاہور، 10 اکتوبر (اے پی پی): سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کا خصوصی وفد لاہور پہنچا، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایئرپورٹ پر خود جا کر وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ سے ایوانِ وزیرِ اعلیٰ میں سعودی وفد نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لیے گہرے عقیدت و احترام کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اخوت اور باہمی احترام کا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے، اور پنجاب حکومت سعودی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سعودی سفیر کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے گھریلو سامان فراہم کرنے پر سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے مشکل وقت میں تعاون دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔











