کامونکی، 28 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی اسلام آباد پولیس کے وفات پانے والے ایس پی عدیل اکبر کی رہائش گاہ کامونکی آمد، وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایس پی عدیل اکبر کے والد، بھائی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور سوگوار خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورغمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایس پی عدیل اکبر کے والد اور بھائی کو دلاسہ دیا اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا، فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایس پی عدیل اکبر اسلام آباد پولیس کا اثاثہ تھے، ایس پی عدیل اکبر انتہائی قابل اور فرض شناس آفیسر تھے، ان کی ناگہانی موت سے دلی صدمہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔
اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی عتیق طاہر، ڈی آئی جی جواد طارق اور ڈی آئی جی ہارون جوئیہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔











