وزیرِ مملکت برائے صحت کی دوحہ میں چھٹی عالمی وزارتی کانفرنس برائے مینٹل ہیلتھ میں شرکت

16

اسلام آباد، 3 اکتوبر (اے پی پی): وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے دوحہ میں منعقدہ چھٹی عالمی وزارتی کانفرنس برائے مینٹل ہیلتھ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا کہ ملک مضبوط اور پائیدار نظامِ صحت کے قیام اور ذہنی صحت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

ڈاکٹر مختار بھرتھ نے مرکزی اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول کو قومی ترجیح سمجھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کو مالی مشکلات، سیلاب کے بعد کی بحالی اور طبی عملے کی کمی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم پاکستان منصفانہ طبی رسائی اور پائیدار نظامِ صحت کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کو پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کا مرکزی جزو قرار دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر مختار بھرتھ نے بتایا کہ 2026–2035 کی قومی صحت و آبادی پالیسی میں مینٹل ہیلتھ کو ایک بنیادی ستون تسلیم کرنے کی پیشرفت جاری ہے۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ ان اقدامات کو کامیابی سے وسعت دینے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔