وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کم آمدن افراد کیلئے اپنے گھر کا خواب اب حقیقت بن چکا ہے، بلال یاسین

11

لاہور، 24 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خواب اب حقیقت بن چکا ہے — ملکی تاریخ کا ایک منفرد اور فلاحی منصوبہ جو ایک لاکھ مستحق خاندانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے ذریعے پایۂ تکمیل کو پہنچا۔

ترجمان صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق صوبائی وزیر بلال یاسین نے ریڑھی بانوں، مزدوروں، دیہاڑی داروں اور کم آمدن افراد کو اپنے اپنے گھروں کے حصول پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک سرکاری منصوبہ نہیں بلکہ خدمت، عبادت اور سعادت کا سفر ہے۔

 بلال یاسین نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے ایک سال کے بجائے صرف 10 ماہ کی قلیل مدت میں خواب کو حقیقت کا روپ دیا، جو تاریخی کامیابی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک لاکھ خاندانوں کو اپنے گھروں کے لیے قرضوں کی فراہمی کا سن کر دل فخر اور خوشی سے بھر گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرایہ دار، بے گھر اور کچے مکانوں میں رہنے والے اب خوبصورت، محفوظ چار دیواری کے مالک بن چکے ہیں، جو وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کی حقیقی عکاسی ہے۔