وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جے پی مورگن وفد سے ملاقات ، پانڈا بانڈ، نجکاری پروگرام اور سرمایہ کاری پر گفتگو

7

‎واشنگٹن ڈی سی، 18 اکتوبر ( اے پی پی):   وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکہ کے دورے کے دوران معروف مالیاتی ادارے جے پی مورگن کے سینئر انتظامی وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور مالیاتی شعبے میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

‎وزیر خزانہ نے وفد کو آگاہ کیا کہ پاکستان جلد ہی چین کی مارکیٹ میں پہلا پانڈا بانڈ جاری کرے گا، جو کہ ایک گرین بانڈ ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد پائیدار ترقی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے سرمایہ حاصل کرنا ہے۔

‎محمد اورنگزیب نے حکومت کے جاری نجکاری پروگرام کا بھی تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

‎انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کابینہ کی منظوری سے فرسٹ ویمن بینک کی جی ٹو جی بنیادوں پر فروخت کی راہ ہموار ہو چکی ہے، جو نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

‎وزیر خزانہ نے بلوچستان میں جاری ریکو ڈک منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی کمپنیاں اس منصوبے میں دلچسپی رکھتی ہیں، اور امید ظاہر کی کہ ایگزِم بینک جلد اس میگا پروجیکٹ میں مالیاتی تعاون فراہم کرے گا۔

‎ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے مابین جاری ڈیجیٹل تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل شعبے میں شراکت داری دونوں ممالک کے لیے معاشی ترقی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

‎سینیٹر اورنگزیب نے جے پی مورگن ٹیم کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں ممکنہ تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی اور دو طرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

‎یہ ملاقات پاکستان کی معاشی سفارت کاری اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ بہتر تعلقات کی جانب ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے۔