وزیر مذہبی امور کی جانب سے سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی کے اعزاز میں عشائیہ

17

اسلام آباد،14 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر براۓ مذہبی امور سردار محمد یوسف کی جانب سے سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کو  پاکستان آمد پر خوش آمدید کرتے ہوۓ کہا کہ رابطہ عالم اسلامی مسلم اُمہ کے اتحاد، دانائی، اور رہنمائی کی علامت ہے، مسلم ورلڈ لیگ ہمیشہ اعتدال، مکالمے اور باہمی تعاون کے فروغ میں پیش پیش رہی ہے، اتحاد، بین المذاہب مکالمے اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے رابطہ عالم اسلامی کے کردار کو سراہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ معزز مہمان کی پاکستان آمد مشترکہ مقاصد کے لیے عزمِ نو کی تجدید ہے، امن، مفاہمت، اور انسانی خدمت کے فروغ میں مسلم ورلڈ لیگ کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔

ڈاکٹر عبد الکریم العیسی نے کہا کہ نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امت مسلمہ کی یکجہتی  کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی،صدر  مسلم لیگ ن  راجہ ظفر الحق، وزیر مواصلات علیم خان سمیت متعدد سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔