ملتان ،کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، راشد ارشاد حسین

16

ملتان 14 اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد ارشاد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، صرف نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے تاکہ نوجوان نسل سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے بچ کر صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب ہو۔

وہ پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز 2025 کے سلسلے میں فائنل میچ کے موقع پر ایم سی جی نواں شہر ملتان میں منعقدہ تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے کوآرڈینیٹر محمد منظور لطیفی نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ملتان ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن امجد رزاق بھٹہ، کرکٹ آرگنائزر محمد جمیل کامران اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

فائنل میچ میں پائلٹ اسکول نے مسلم اسکول کلمہ چوک کو 20 رنز سے شکست دے کر ڈسٹرکٹ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ پائلٹ اسکول نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے۔ عمر مختیار نے شاندار 90 رنز، محمد اسحاق نے 37 اور زوہیب خان نے 33 رنز اسکور کیے۔ مسلم اسکول کی جانب سے فہیم احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں مسلم اسکول 228 رنز بنا سکا۔ شہریار عباس نے 79، جبکہ احمد حسن اور عبیدالرحمٰن نے 43، 43 رنز بنائے۔ پائلٹ اسکول کے عرفان شہزاد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

مہمانِ خصوصی راشد ارشاد حسین نے بہترین باؤلر محمد سفیان، بہترین بیٹر شہریار حسن اور بہترین وکٹ کیپر محمد عمر کو شیلڈز دیں، جبکہ ونر اور رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں پیش کی گئیں۔ آخر میں ٹورنامنٹ کمیٹی نے راشد ارشاد حسین کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔