اسلام آباد، 7 0اکتوبر (اے پی پی ): وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے، جناب بلال اظہر کیانی سے پاکستان میں امریکہ کی قائم مقام سفیر، نیٹلی ای بیکر نے منگل کے روز ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی میکرو اکنامک ڈویلپمنٹ اور جاری شراکت داری کو مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت کی۔ وزیر مملکت کیانی نے امریکی قائم مقام سفیر کو معاشی استحکام اور ترقی کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کے وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان ریلویز میں اصلاحات کے حکومتی ایجنڈے اور اس پر عملدرآمد کے بارے میں بھی آگاہی دی۔
امریکی قائم مقام سفیر نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافے کو خوش آئند قرار دیا اور آئندہ تعلقات کی بہتری کے لیے امید کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔











