کراچی، 21اکتوبر (اے پی پی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن کی رہائش گاہ آمد ،وزیرداخلہ کی مفتی اعظم منیب الرحمن کی سربراہی میں ممتاز علما اہلسنت سے ملاقات ہوئی ۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی وزیرداخلہ کے ہمراہ تھے۔
ملاقات میں ماضی قریب میں رونما ہونے والے واقعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔علمائے کرام نے مختلف مسائل کے بارے اپنا موقف پیش کیا
وزیرداخلہ محسن نقوی نے علمائے کرام کے موقف کو سنا اور تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں بہت جلد اسلام آباد میں تفصیلی نشست کے اہتمام پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میںاس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مدارس و مساجد کے امور میں حکومت کوئی دخل نہیں دے گی۔ایک فوکل پرسن فریقین کے درمیان رابطے کے لیے ہر وقت موجود ہو گا۔
علمائے کرام میں علامہ سیدمظفر شاہ، مفتی عابد مبارک، علامہ لیاقت حسین اظہری، علامہ ریحان اظہر نعمانی، مفتی رفیع الرحمن نورانی، علامہ اشرف گورمانی اور علامہ احمد ربانی شامل تھے۔











