اسلام آباد، 21اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد کشمیر سے متعلق عملدرآمد اور نگرانی کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، چیف سیکریٹری اے جے کے خوشحال خان اور ایکشن کمیٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا بغور جائزہ لیا گیا، عملدرآمد کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو معاہدے پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نگرانی و عملدرآمد کمیٹی کا اگلا اجلاس 15 نومبر تک مظفرآباد میں منعقد ہو گا، وزیراعظم پاکستان آزاد کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے خواہاں ہیں، عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔











