اسلام آباد، 30 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے کینیڈین ہائی کمشنر نے ملاقات کی، جس میں پاک۔کینیڈا تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے مائننگ، زراعت، آئی ٹی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں شراکت بڑھانے پر اتفاق کیا۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے بتایا کہ کینیڈا آئندہ مہینوں میں مائننگ، زراعت اور آئی ٹی سیکٹرز سے متعلق تین بڑے ایکسپوز منعقد کرے گا۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے پاکستانی فوڈ اینڈ ایگریکلچر ایکسپو 2025 میں کینیڈین کمپنیوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان حلال مصنوعات اور ویلیو ایڈیشن کے شعبے میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
ملاقات میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، ای کامرس اور آئی ٹی ایکسپورٹس پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ دونوں ممالک نے قابلِ تجدید توانائی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے پاکستان کی تجارتی پالیسیوں اور صنعتی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں موجود تین لاکھ سے زائد پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔











