پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس، 304 ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ

20

لاہور، 30 اکتوبر(اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نصیر، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر اسد محمود نے شرکت کی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے اجلاس کو پروگرام کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے پی ڈی پی کے لیے 304 ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہر کی ضروریات کے مطابق ڈرینج سسٹم تعمیر کیا جائے گا اور پروگرام کے تحت شہروں کو جدید انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 52 شہروں کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ مرحلہ وار 200 شہروں میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ذیشان رفیق نے بتایا کہ زیادہ خراب صورتحال والے 12 شہروں میں کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جا رہا ہے جن میں اٹک، کامونکی، لالہ موسی، خانیوال، وزیرآباد، علی پور چٹھہ، لیہ، ڈسکہ، بوریوالہ، میلسی، جڑانوالہ اور وہاڑی شامل ہیں۔ وزیر بلدیات نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ٹائم لائنز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بارش کے پانی کے نکاس اور ذخیرے کے لیے زیرِ زمین ٹینک تعمیر کیے جائیں گے، ٹوٹی سڑکوں اور گلیوں کی تعمیرِ نو، اسٹریٹ لائٹس اور پارکس کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہروں کی 2050 تک کی آبادی کو مدِنظر رکھ کر پلاننگ کی گئی ہے، اور پی ڈی پی منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔