وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی  ادیس ابابا میں افریقی یونین کمیشن کے چیئرپرسن محمود علی یوسف سے ملاقات

18

ادیس ابابا، 17 اکتوبر (اے پی پی ):  وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ادیس ابابا میں افریقی یونین کمیشن کے چیئرپرسن محمود علی یوسف سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات”میڈ اِن پاکستان سنگل کنٹری ایگزیبیشن“ کے موقع پر سائیڈ لائنز میں ہوئی۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی”  لُک افریقہ پالیسی “ کے تحت اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزیرِ تجارت نے خوراک، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کی تجاویز پیش کیں۔

ملاقات میں پاکستان، افریقی ممالک اور تیسرے فریق کے درمیان سہ فریقی تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقوں نے مستقبل کے اشتراک کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کرنے پر اتفاق کیا۔

چیئرپرسن محمود علی یوسف نے پاکستان کی”لُک افریقہ پالیسی“ اور اس کے تحت کیے گئے اقدامات کو سراہا اور فوڈ سیکیورٹی، زراعت اور ایگری ٹیک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں جانب سے پائیدار ترقی اور شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔