بین الاقوامی کانفرنس کے بعد غیر ملکی مندوبین کا لاہور کے تاریخی و ثقافتی مقامات کا دورہ

12

لاہور، 17 اکتوبر (اے پی پی): بین الاقوامی کانفرنس کے اختتام پر غیر ملکی مندوبین نے لاہور کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کیا۔ وفود نے شاہی قلعہ، مسجد وزیر خان، شالیمار باغ اور فقیر خانہ میوزیم کا تفصیلی معائنہ کیا اور لاہور کے قدیم ورثے کو انتہائی سراہا۔ مہمانوں نے لاہور کی مشہور فوڈ اسٹریٹ اور واہگہ بارڈر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستانی ثقافت، مہمان نوازی اور عوامی جوش و خروش کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔ غیر ملکی مندوبین نے کہا کہ لاہور واقعی زندہ دلوں کا شہر ہے، جہاں کے لوگ محبت، خلوص اور گرمجوشی سے پیش آتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو ایک پُرامن، ثقافتی طور پر مالامال اور مثبت سوچ رکھنے والا ملک قرار دیا۔ دفترِ محتسب پنجاب کی جانب سے کہا گیا کہ پنجاب حکومت بین الاقوامی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور عوامی رابطوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی، تاکہ پاکستان کا مثبت اور پرامن تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہو۔