وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی جاپان بینک برائے بین الاقوامی تعاون  کے گورنر نوبومیتسو ہایاشی سے ملاقات

19

واشنگٹن ڈی سی،17 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں جاپان بینک برائے بین الاقوامی تعاون کے گورنر نوبومیتسو ہایاشی سے ملاقات کی۔

 ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ خزانہ نے ریکو ڈک منصوبے کے لیے قرض دہندگان کے گروپ میں JBIC کی شمولیت کے باضابطہ اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے جاپانی کاروباری حلقوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے مثبت پیغام ملے گا۔

انہوں نے ملاقات کے دوران آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے حالیہ اسٹاف لیول معاہدے کا ذکر کیا اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عالمی اعتماد کی علامت قرار دیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور تحفظ کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا اور پاکستان و جاپان کے درمیان تعاون کے نئے ممکنہ شعبوں کی تلاش پر زور دیا

وزیرِ خزانہ نے اس موقع پر حکومت کے پائیدار معاشی استحکام، شفافیت اور اصلاحات کے تسلسل کے عزم کو ب اجاگر کیا۔