واشنگٹن ڈی سی،17 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کے خصوصی نمائندے لطفی وائی صدیقی سے ملاقات ہوئی۔
وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کے خصوصی نمائندے جناب لطفی وائی صدیقی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان علاقائی معاشی تعاون، نجی شعبے کے کردار اور ٹیکنالوجی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے اگست 2025 میں پاکستان کے نائب وزیرِاعظم کے ڈھاکا کے دورے کو یاد کرتے ہوئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان علاقائی اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
محمد اورنگزیب نے پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے نجی شعبے کی قیادت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری شعبے کی بنیادی ذمہ داری سرمایہ کاری اور جدت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
دونوں فریقین نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے اس کے ذریعے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے معیاری روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ خزانہ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان علم کے تبادلے اور باہمی استعداد کاری کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔











