وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے ورلڈ بینک کےمشرقِ وسطیٰ،شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کےعلاقائی نائب صدر عثمان ڈیون کی ملاقات

12

واشنگٹن ڈی سی  ،15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے علاقائی نائب صدر عثمان ڈیون سے واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان جاری تعاون، ترقیاتی شراکت داری اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے مؤثر نفاذ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت ورلڈ بینک کے ساتھ جاری منصوبوں کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ان کی عملداری میں صوبائی حکومتوں کی شمولیت کو اہم سمجھتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دستیاب ترقیاتی وسائل کے بہتر استعمال اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی حکمتِ عملی پر کام کر رہا ہے تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔